لندن،5؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے فریال مخدوم کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک ہونے کا دعویٰ مسترد کردیا اور اپنے ایک ویڈیو پیغام میں تصدیق کی ہے کہ ان کی باقاعدہ علیحدگی ہو چکی ہے۔تفصیلات کے مطابق عامر خان اپنی سابق اہلیہ فریال مخدوم سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں، انہوں نے اپنی بیوی سے علیحدگی کا اعلان سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا جس کے بعد فریال بھی میدان میں آگئیں اور عامر خان پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔ بعد میں فریال نے اپنے تمام ٹویٹس ڈیلیٹ کردیے اور سنیپ چیٹ پر پیغام دیا کہ ان دونوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس ہیک ہوگئے تھے۔فریال کے پیغام کے تھوڑی ہی دیر میں عامر خان نے سنیپ چیٹ پر ایک ویڈیو پیغام دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں کے درمیان جو کچھ ہوا وہ سب حقیقت پر مبنی ہے، اور ان میں سے کسی کا بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک نہیں ہوا۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ جو کچھ آپ لوگوں نے سوشل میڈیا پر دیکھا وہی سچ ہے، میں نے اور فریال نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے، کسی کا اکاؤنٹ ہیک نہیں ہوا، ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔ مجھے افسوس ہے کہ فریال نے میرے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیالیکن پھر بھی اس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، میں بالکل ٹھیک ہوں جو ہونا تھا وہ ہو چکا ہے، اسے بدلا نہیں جا سکتا۔